ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / رات میں مگرمچھ آسٹریلوی خاتون کو لے گیا

رات میں مگرمچھ آسٹریلوی خاتون کو لے گیا

Mon, 30 May 2016 18:39:05  SO Admin   INS India/SO news

کینبرا،30مئی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا کے ڈینٹری نیشنل پارک میں مگر مچھ کے حملے میں ایک خاتون کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔46سالہ آسٹریلوی خاتون مبینہ طور پر اپنے ایک دوست کے ساتھ اتوار کی شام شمالی کوئنسلینڈ میں کارنز کے قریب تھورنٹن ساحل پر تیراکی کے لیے گئی تھیں۔میڈیا کے مطابق جب وہ کمر بھر پانی میں تھیں کہ ان پر حملہ ہو گیا۔آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق اس قسم کا مہلک حملہ اس سے قبل سنہ 2009 میں ہوا تھا۔پولیس ترجمان رسل پارکر نے کہا: ہمیں خاتون کے لیے بہت دکھ ہے۔ ان کے 47 سالہ دوست نے انھیں پکڑ کر اور کھینچ کر محفوظ مقام پر لانے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے۔اس کے بعد ان کے دوست نے بھاگ کر ایک قریبی دکان پر اس معاملے کے بارے میں آگاہ کیا اور وہاں سے پولیس اور دوسرے حکام کو ہدایات ملیں۔پولیس ترجمان نے بتایا: وہ ساحل پر چہل قدمی کر رہے تھے۔ پھر انھوں نے تھورنٹن کے ساحل پر صاف سہانی رات میں کمر بھر پانی میں سوئمنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن انھیں واضح طور پر خطرے کا اندازہ نہیں تھا۔نائن نیوز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ انھوں نے خاتون کی چیخ سنی تھی جو کہ رہی تھیں مگر مچھ نے پکڑ لیا، مگرمچھ نے مجھے پکڑ لیا۔گم شدہ خاتون کی پیر کی صبح پھر سے تلاش شروع کی گئی جبکہ ان کے دوست کا مگر مچھ سے رگڑ کھانے سے زخموں اور صدمے کے لیے علاج جاری ہے۔


Share: